October 15, 2026 at 3:10 AM

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

صحابہؓ وصحابیاتؓ، ازواجِ مطہراتؓ اور صاحبزادیاںؓ

حضرت عائشہؓ کے ہار گم ہونے کے واقعے کا منکر، ملحد ہے

سوال

میں نے آپ کے بارے میں سنا ہے کہ آپ نے حضرت عائشہؓ کا ہار گم ہونے کے واقعے کی تردید کی ہے کہ یہ واقعہ ہوا ہی نہیں۔ اس کے بارے میں آنجناب کی تحقیق کیا ہے؟

جواب

جواب:۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے ہار گم ہونے کا واقعہ صحیح بخاری اور دُوسری احادیثِ صحیحہ میں موجود ہے، اور آیتِ تیمم کا شانِ نزول بھی یہی واقعہ ہے۔(۱) اندریں صورت کوئی خوش عقیدہ مسلمان ایسے صحیح واقعات سے کیونکر منکر ہوسکتا ہے؟ اس لئے جناب نے میرے بارے میں جو کچھ کہا، وہ غلط کہا۔ جو شخص ایسے صحیح واقعات کا منکر ہو، میں اس کو ملحد سمجھتا ہوں، اور میری تو ساری زندگی ان ملحدین سے لڑتے ہوئے گزری ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو نیکی عطا فرمائے، اور مجھے بھی اور آپ کو بھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع واقتدا نصیب فرمائے۔

  1. (۱) عن عائشۃ زوج النبی صلی اللہ علیہ وسلم قالت: خرجنا مع رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فی بعض أسفارہٖ، حتّٰی اذا کنا بالبیداء أو بذات الجیش انقطع عقد لی، فأقام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم علی التماسہ ۔۔۔ فقام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حین أصبح علٰی غیر ماء، فأنزل اللہ عزّ وجلّ آیۃ التیمّم ۔۔۔ الخ۔ (صحیح بخاری ج:۱ ص:۴۸)۔
حضرت عائشہؓ کے ہار گم ہونے کے واقعے کا منکر، ملحد ہے - شہید اسلام