October 14, 2026 at 2:55 AM

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

غلط عقائد رکھنے والے فرقے

حضرت‌مہدیؓ‌کی‌عمر‌اور‌زمانۂ‌خلافت:

جواب

’’حضرت ابو اُمامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: تمہارے درمیان اور رُومیوں کے درمیان چار مرتبہ مصالحت ہوگی، چوتھی مرتبہ یہ مصالحت رُومیوں کے بادشاہ کے اہل میں سے ایک شخص کے ہاتھ پر ہوگی، جو سات سال رہے گی، (بالآخر وہ بھی ختم ہوجائے گی، اور ان کے درمیان اور تمہارے درمیان حالتِ جنگ پیدا ہوجائے گی)۔ ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! اس وقت لوگوں کا اِمام کون ہوگا؟ فرمایا: مہدی ہوں گے، میری اولاد میں سے، چالیس سال کے، گویا ان کا چہرہ چمکدار ستارہ ہے، اور ان کے دائیں رُخسار پر سیاہ تل ہے۔‘‘(۱۱)

سات سال ان کی خلافت کا زمانہ ہے، جیسا کہ اُوپر حضرت اُمِّ سلمہ رضی اللہ عنہا کی حدیث سے گزرچکا ہے، ان کی خلافت کے ساتویں سال میں دجال نکلے گا، اور اس کو قتل کرنے کے لئے حضرت عیسیٰ علیہ السلام نازل ہوں گے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول کے بعد خلافت ان کے سپرد ہوجائے گی، اور حضرت مہدیؓ ان کے وزیر کی حیثیت سے دو سال رہیں گے، گویا ان کی کل عمر ۴۹ سال ہوگی۔

اس کے برعکس سیّد محمد جونپوری کے بارے میں ’’چراغ دین نبوی‘‘ وغیرہ کتابوں میں لکھا ہے کہ ان کی عمر ۶۳ برس ہوئی، کیونکہ وہ ۸۴۷ھ میں پیدا ہوئے اور ۹۱۰ھ میں ان کی وفات ہوئی، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کی عمر بھی اس سے مطابقت نہیں رکھتی جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مہدیٔ آخرالزماں کے بارے میں ارشاد فرمائی ہے۔

میں نے یہ چند موٹی موٹی باتیں عرض کردی ہیں، جن کو تھوڑا پڑھا لکھا آدمی بھی باآسانی سمجھ سکتا ہے، ان کی روشنی میں ہر اِنصاف پسند آدمی فیصلہ کرسکتا ہے کہ مہدوی فرقے کے حضرات کو مہدیٔ آخرالزماں کے پہچاننے میں غلطی لگی ہے، جس طرح کہ قادیانیوں نے مرزا غلام احمد آنجہانی کو مہدیٔ معہود اور مہدیٔ آخرالزماں قرار دینے میں غلطی کھائی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ بطفیل آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے ان تمام بھائیوں کو بھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیش گوئی پر اِیمان لانے کی توفیق عطا فرمائیں۔

  1. (۱۱)وأخرج أبو نُعیم عن أبی اُمامۃ قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: (سیکون) بینکم وبین الروم أربع ھدن یوم الرابعۃ علٰی یدی رجل من أھل ھرقل یدوم سبع سنین فقال لہ رجل (من عبدالقیس یقال لہ المستورد بن خیلان) یا رسول اللہ! من إمام المسلمین یومئذ؟ قال: المھدی من ولدی ابن أربعین سنۃ، کأن وجھہ کوکب دری، فی خدہ الأیمن خال أسود۔ (العرف الوردی فی أخبار المھدی ص:۵۳، طبع بیروت)۔
حضرت‌مہدیؓ‌کی‌عمر‌اور‌زمانۂ‌خلافت: - شہید اسلام